امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کا اعلان ہے۔
امریکی صدر نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے بیت اللحم میں فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امریکی صدر نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کرنے پر محمود عباس کا شکریہ ادا کیا۔
مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جس ماحول میں تشدد کو برداشت کیا جاتا ہو وہاں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ مجھے پوری امید ہے کہ امریکا اسرائیل اور فلسطینیوں کو امن کے قیام میں مدد دے سکتا ہے۔ اگر ان دونوں میں امن ہوگیا تو پورے مشرق وسطی میں امن قائم ہوجائے گا۔ میں اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ اس سلسلے میں صدر عباس سے ملاقات انتہائی امید کی فضا میں ہوئی ہے۔ فلسطینی صدر نے اس بات کی یاد دہانی کروائی ہے کہ وہ اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے نیک نیتی سے کام کریں گے۔
دوسری جانب ٹرمپ کی آمد کے خلاف پی ایل او اور حماس کے زیر کنٹرول علاقوں میں بڑے پیمانے پر احتجاج بھی ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے اس سے قبل سعودی عرب اور پھر اسرائیل کا بھی دورہ کیا تھا۔