کلبھوشن کو قونصلررسائی دینے کا فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا،پاکستانی ہائی کمشنر

    0
    7168

    پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا۔

    بھارتی ٹی وی کو انٹریو دیتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے نوشہرہ سیکٹر پر کارروائی کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس قسم کی کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک مسئلہ ہے جس پر پاکستان کو بھی تحفظات ہیں لیکن کشمیر تمام مسائل کی جڑ ہے اور پاکستان راہ فرار اختیار نہیں کر رہا بلکہ بھارت سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، کشمیر سمیت تمام مسائل پر امن طریقے اوردوطرفہ بات چیت سے حل کیے جاسکتے ہیں۔

    بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کیس میں بھارت کے حق میں فیصلہ نہیں دیا اور پاکستان اس فیصلے سے مایوس نہیں کیوں کہ کلبھوشن کیس کا تفصیلی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے اور  اس کیس میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہے جب کہ عالمی عدالت انصاف نے قونصلر رسائی کے حوالے سے بھی کوئی حکم نہیں دیا، قونصلر رسائی کا فیصلہ میرٹ کی بنیاد پر ہی کیا جائے گا۔ عبدالباسط نے بھارتی فوج کی جانب سے پاک فوج پر لاشیں مسخ کرنے کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج پیشہ ورانہ فوج ہے وہ اس قسم کے عمل میں کبھی ملوث نہیں ہوتی۔